دفتر خارجہ کا امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ پر مایوسی کا اظہار

دفتر خارجہ کا امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ پر مایوسی کا اظہار
کیپشن: پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کر رہا ہے، ڈاکٹر فیصل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہمارے دو عشروں کی قربانیوں کو نظر انداز کیا گیا۔ پاکستان کے اقدامات سے نا صرف خطہ بلکہ دنیا ایک محفوظ مقام بنی۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ رپورٹ حقائق کے مکمل برعکس ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے خطے سے القاعدہ کا مکمل خاتمہ ممکن ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کر رہا ہے۔ پاکستان نے ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے مؤثر قانونی اور انتظامی اقدامات اٹھائے اور دہشت گردی میں ملوث افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد کیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں تسلیم کیا گیا کہ پاکستان کو طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے خطرے کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں یہ کیوں نہیں بتایا گیا کہ یہ گروپ سرحد پار سے پاکستان کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔