کورونا نے پاکستان میں دوبارہ پنجے گاڑ لئے، مزید 26 شہری جاں بحق، صورتحال گھمبیر ہونے لگی

Corona virus, Pakistan, Covid-19 second wave, Health
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستانی عوام کی جانب سے کورونا وائرس کیخلاف احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی پاداش میں یہ وبائی مرض دوبارہ خطرناک حد تک پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔ اس موذی وبا کے ہاتھوں مزید 26 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری حالیہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہزار 893 ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 302 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ، 38 ہزار، 875 سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وقت 827 مریض تشویشانک حالت میں ملک کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث آزاد کشمیر میں 104، گلگت بلتستان میں 92، بلوچستان میں 152، اسلام آباد میں 229، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار284، سندھ میں 2 ہزار647 اور پنجاب میں 2 ہزار 385 اموات ہو چکی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیرمیں 4 ہزار 491، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 320، بلوچستان میں 16 ہزار 26، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار 22، سندھ میں ایک لاکھ 47 ہزار787، صوبہ پنجاب ایک لاکھ 5 ہزار 535 اور اسلام آباد میں 20 ہزار 694 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے صورتحال کی سنگینی اور خطرات بارے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وبا کے خاتمے کیلئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک کی صورتحال الارمنگ ہوتی جا رہی ہے۔ روز بروز پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اگر عوام کی جانب سے احتیاط نہ برتی گئی تو صورتحال خطرناک حد تک خراب ہو سکتی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔