ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ

 Decision to keep educational institutions open across the country
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور : وزرائے تعلیم کی ویڈیو لنک کانفرنس میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو کھُلے رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج ہونے والی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم  سمیت گلگت بلتستان، کشمیر اور وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کی ایسی صورتحال نہیں ہے جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے ۔ 

واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم نے تمام صوبائی وزرائے  تعلیم سے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر تجاویز مانگی تھیں ۔ جبکہ اس اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ہے ۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ فی الحال ملک بھر میں کہیں بھی سکولوں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سکولوں کی انتظامیہ وزرات ہیلتھ کی طرف سے دیےگئے ایس او پیز پر عمل در آمد  کو یقینی بنائے ۔

 ملک بھر میں کورونا کی صورتحال اس وقت خراب ہونا شروع ہوئی جب گزشتہ دنوں  اس کی دوسری لہر نے اپنے پنجے گاڑنے شروع کیے تھے۔ 

ملک بھر میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ جس کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں میں مائیکر و لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔ گزشتہ دنوں پنجاب بھر خصوصاََ لاہور کے سینکڑوں مقامات پر مائیکرولاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔  

محکمہ تعلیم اورہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سکولوں میں کورونا کے ایس او پیز چیک کرنے کے لیے باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔