تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین وطن واپس پہنچ گئے

PTI leader Jahangir Tareen returned home
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست جہانگیر ترین سات ماہ بعد پاکستان واپس پہنچ گئے  ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اپنے دورہ برطانیہ سے متعلق کی جانے والی تمام قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما 7 ماہ قبل پاکستان سے لندن علاج کی غرض سے گئے تھے۔ جہانگیر ترین شوگر کمیشن کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور انہوں نے 7 ماہ سے ہیمپشائر کنٹری ہوم میں رہ رہے تھے۔ 

اس عرصے کے دوران جہانگیر ترین نے برطانیہ میں قیام کے دوران کوئی بھی سیاسی ملاقات نہیں کی تھی جبکہ ان کی نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں ہوتی رہی تھیں۔ 

جہانگیر ترین کے لندن جانے پر اپوزیشن جماعتوں نے اعتراض کیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عمران مافیا خود چینی مافیا ہے کیونکہ چینی چوری کی ای سی سی اور کابینہ میں تمام فیصلوں کی منظوری صرف عمران اور بزدار صاحب نے دی۔

مریم اورنگزیب نے الزام لگایا تھا کہ جہانگیر ترین کو پچھلے دروازے سے لندن بھگا کر خود چینی کمیشن سے بھاگ کر کہتے ہیں احتساب ہو رہا ہے لیکن یہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں جبکہ عمران اور بزدار صاحب کو گرفتار کیا جائے۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں علاج کیلئے برطانیہ گیا تھا۔ اب اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام ہی الزام لگانا ہے، میں ان کی ہر بات کا جواب نہیں دے سکتا۔

واضح رہے کہ ملک میں چینی کے بحران کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ کو 4 اپریل کو عوام کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ چینی کی برآمد اور قیمت بڑھنے سے سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی شوگر ملوں کو ہوا تھا جبکہ برآمد اور اس پر سبسڈی دینے سے ملک میں چینی کا بحران پیدا ہوا تھا۔