پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پسندیدہ فیصلہ نہیں ہے: شہباز گل

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پسندیدہ فیصلہ نہیں ہے: شہباز گل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت کم رکھنے کیلئے قرض لینا پڑے گا جو کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ 
شہباز گل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کوئی پسندیدہ فیصلہ نہیں تھا لیکن پوری دنیا میں پیٹرولیم کی قیمت دو گنا ہو چکی ہے جبکہ حکومت پاکستان پہلے ہی پیٹرولیم ٹیکس 31 روپے سے کم کر کے 5 روپے تک لا چکی ہے، اب اگر قیمت کم رکھنی ہو تو پھر قرض لینا پڑے گا جو کسی صورت بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ 
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 27 پیسے اضافے کے ساتھ 116روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل 16 اکتوبر 2021 ءکو حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے، پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔