پنجاب حکومت کا چینی کی قیمت کو نیچے لانے کیلئے بڑا فیصلہ

پنجاب حکومت کا چینی کی قیمت کو نیچے لانے کیلئے بڑا فیصلہ
کیپشن: پنجاب حکومت کا چینی کی قیمت کو نیچے لانے کیلئے بڑا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: عوام کو ریلیف دینے کے لئے پنجاب حکومت نے چینی کی قیمت کو نیچے لانے کے لئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا ہے کہ شوگر ملز سے نکلنے والی چینی کی ایکس مل قیمت 85 روپے ہو گی جب کہ صارف کو چینی 90 روپے کلو میں فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چینی کے اسٹاکس کی مانیٹرنگ کیلئے تمام شوگر ملز میں سرکاری اہلکار تعینات کئے جائیں گے جن کا تعلق محکمہ ریونیو، خوراک اور پولیس سے ہے۔ اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد شوگر ملز سے نکلنے والی سپلائز کو مانیٹر کرنا ہے اور سرکاری اہلکار شوگر ملز سے نکلنے والی چینی کا مکمل حساب رکھیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50کلو کا بیگ 720روپے اضافے کے ساتھ 7 ہزارروپے کا ہو گیا تھا جبکہ 50 کلو بیگ کی قیمت 6280 روپے تھی۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرچون دکانوں پر چینی 150روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ راولپنڈی میں چینی کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 130روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 50کلو چینی کی بوری کی قیمت 6300 میں فروخت ہو رہی ہے۔ باریک چینی بھی 110 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

لاہورمیں مقامی چینی کے50 کلو کے تھیلے کی قیمت 7 ہزار روپے سے بڑھ گئی ہے۔ اکبری منڈی میں 50 کلو کا تھیلا7 ہزار 50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ درآمد شدہ باریک چینی کا تھیلا 4 ہزار 356 روپے میں دستیاب ہے۔

چینی کا فی کلو ہول سیل ریٹ141 روپے ہے اور ہول سیل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ملز مالکان چینی سپلائی نہیں کر رہے۔