آسٹریلین بورڈ نے ٹیسٹ میچ کیوں ملتوی کیا ؟افغان کرکٹ بورڈ نے اندر کی خبر دیدی

Afghanistan Cricket,Australia Team,

 کابل:افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیب خان نے کہا ہے کہ افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال شیڈول ٹیسٹ میچ دونوں بورڈز کی رضامندی سے ملتوی کیا گیا ہے۔

نصیب خان نے ایک انٹرویومیں کہا کہ افغانستان میں تبدیلی اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی اداروں میں کام بند ہوا تھا لیکن کرکٹ کے امور بدستور جاری تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جس کے ذریعے ہر فکر و سوچ کے حامل افغان ایک جگہ جمع ہوسکتے ہیں، جنگ کے بعد انہیں سکون کی ضرورت ہے، اس ملک میں کرکٹ کا اتنا جنون ہے کہ جنگ نے بھی اس کا راستہ نہیں روکا اور ہم دنیا کی دس بہترین ٹیموں کی فہرست میں آ گئے۔

افغان چیف ایگزیکٹو آفیسرکا کہنا تھا کہ  آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے بورڈز کے مشورے سے ہوا ہے اور افغان کرکٹرز کو آسٹریلیا میں لیگ کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب دونوں بورڈز نے مشورے سے ٹیسٹ میچ ملتوی کیا ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر عائد کیے جانے پر رواں سال ہوبارٹ میں افغانستان کے خلاف شیڈول ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے بیان جاری کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم افغانستان اور دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو پروان چڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ غیریقینی صورتحال کے سبب کرکٹ آسٹریلیا محسوس کرتا ہے کہ جب تک صورتحال واضح نہ ہو، اس وقت تک میچ ملتوی کردیا جائے۔

اس حوالے سے افغان آل راؤنڈر محمد نبی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق نہ ہونا مایوس کن ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ ٹیسٹ میچ منسوخ نہیں بلکہ ملتوی ہوا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیسٹ میچ ملتوی ہونے کے باوجود دونوں ملک افغان کرکٹ کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔