اسلام آباد، رینجرز نے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی چھوڑ دی

اسلام آباد، رینجرز نے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی چھوڑ دی

اسلام آباد: اسلام آباد میں پارلیمنٹ کی عمارت کی سیکیورٹی پر مامور رینجرز اہلکار 2 روز سے ڈیوٹی پر موجود نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکار پارلیمنٹ کی سیکیورٹی پر مامور تھے لیکن احتساب عدالت واقعے کے بعد 2 دن سے رینجرز اہلکار پارلیمنٹ میں ڈیوٹی پر نہیں آئے۔ ذرائع نے بتایا کہ دو دن سے پارلیمنٹ کی سیکیورٹی صرف پولیس اور ایلیٹ فورس کر رہی ہے اور پارلیمنٹ کے سیکیورٹی حکام نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر آفس کو آگاہ کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پولیس اور ایلیٹ فورس کے علاوہ پنجاب رینجرز کے پاس تھی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت واقعے کے بعد دو روز سے پنجاب رینجرز کے اہلکار سیکیورٹی پر موجود نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے لیے تحریری درخواست دے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ سے رینجرز ہٹانے پر ڈی جی رینجرز سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فرنٹیئر کانسٹبلری کو پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سنبھالنے کا حکم دیا ہے جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رینجرز نے پارلیمنٹ کے اطراف سے یک طرفہ طور پر سیکیورٹی ہٹائی گئی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر رینجرز نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت کئی وزرا کو عدالت جانے سے روک دیا تھا جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں