پاکستان سری لنکا آخری ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا

پاکستان سری لنکا آخری ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا

دبئی: پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کل سے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔یہ ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو پہلا میچ میں 21 رنز سے شکست دی تھی۔سرفراز احمد کی قیادت میں یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا جس میں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں مایوس کن بیٹنگ کی ۔واضح رہے کہ دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میںمحمد عامراور حسن علی کی شرکت مشکوک ہو گئی ۔ حسن علی پہلے ٹیسٹ میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور ممکنہ طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان انجلو میتھیوز کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔سری لنکن ٹیم کی کپتانی کے فرائض دنیش چندیمل ہی سرانجام دیںگے۔ ڈے نائٹ میچ کے سبب قومی ٹیم تین فاسٹ بولرز اور یاسر شاہ کے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترسکتی ہے کیونکہ شام میں پنک گیند کے سوئنگ ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ گرین کیپس نے اب تک دو ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی اور آسٹریلیا کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سری لنکن ٹیم پہلی مرتبہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔ ون ڈے سکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر ، کپتان اور ہیڈ کوچ کی مشاورت سے دبئی ٹیسٹ کے دوران ہوگا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ون ڈے سیریز میں چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والے فاتح سکواڈ کو برقرار رکھا جائے گا ، آل راؤنڈر محمد نواز کو سولہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ دوسرا میچ 16 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 20 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 23 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ 27 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 29 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔