پاکستان نے امریکی جنرل ڈنفرڈ کے بیان کو مسترد کر دیا

پاکستان نے امریکی جنرل ڈنفرڈ کے بیان کو مسترد کر دیا

اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ امریکی جنرل ڈنفرڈ کا بیان مسترد کرتے ہیں کیونکہ افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردی سے متعلق پاکستان کی پالیسی پر سابق امریکی وزیر خارجہ کا بیان ریکارڈ کا حصہ ہے اور امریکا اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنا سکتا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کی اور پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی جبکہ پاکستان نے اپنے علاقے دہشت گردی سے پاک کیے ہیں۔

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکی ہم منصب کی دعوت پر امریکا میں ہیں اور امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان، پاک بھارت تعلقات پر بات ہوئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت مسلسل خطے کے امن کو خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔

یاد رہے امریکی جنرل ڈنفرڈ نے بیان دیا تھا کہ آئی ایس آئی کے دہشت گرد گروہوں سے رابطے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں