آئی ایم ایف کا بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ درست قرار

 آئی ایم ایف کا بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ درست قرار
تیل کی بڑھتی قیمتیں پاکستان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں، آئی ایم ایف۔۔۔۔۔فائل فوٹو

 اسلام آباد: آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کے فیصلےکو درست قرار دے دیا۔ انہوں نے مالیاتی پالیسی مزید سخت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرمبادلہ ذخائر بڑے چیلنجز ہیں جن پرقابو پانا ہوگا۔


وفد کی واپسی پر جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے ساتھ آرٹیکل چار کے تحت معاشی جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور معیشت کی بہتری کے لیے کچھ اقدامات اٹھائے گئے لیکن یہ ناکافی ہیں۔ پاکستان کے لیے بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ روپے کی قدر میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ تیل کی بڑھتی قیمتیں پاکستان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کو مزید مستحکم بنانے، ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے۔ گیس اور بجلی کے نرخ بڑھانا درست فیصلہ ہے جبکہ سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے ہوں گے۔