شہباز شریف کی گرفتاری بتا رہی ہے کہ انصاف ہو رہا ہے : ڈاکٹر یاسمین راشد

شہباز شریف کی گرفتاری بتا رہی ہے کہ انصاف ہو رہا ہے : ڈاکٹر یاسمین راشد
کیپشن: image by facebook

لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا ہے، شہباز شریف کا گرفتار ہونا بتاتا ہے انصاف ہورہا ہے، ن لیگ والے بے شک چور کی گرفتاری پر احتجاج کرلیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، یاسمین راشد نے کہا کہ آشیانہ بہت پرانا اور بڑا اسکینڈل ہے، اسکینڈل میں فواد حسن فواد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، نیب کی جانب سے جو قدم اُٹھایا گیا ہے یہ بہت ضروری تھا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کوئی بھی شخص قانون سے اوپر نہیں، جب ادارے مضبوط ہوتے ہیں ت ایسے اقدامات سامنے آتے ہیں، رانا مشہود نے کل ہی کہا تھا حالات بہت اچھے ہوگئے ہیں، قومی اداروں میں سیاسی مداخلت بہت کم ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ ہے کہ ن لیگ والے سیاسی مقدمات کا رونا رو رہے ہیں، عوام احتساب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے، آج پی اے سی چیئرمین پر حکومتی موقف کی تائید ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر تمام مقدمات ان کے اپنے دور میں قائم ہوئے، نیب بغیر کسی دباؤ اور بلاتفریق اپنا کام کررہی ہے، لوٹ مار کرنے والے کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں پیشی کے لیے آئے تھے اور انہیں آشیانہ کمپنی کیس میں کرپشن کے الزامات میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ ہاؤس اسکینڈل میں غیرقانونی ٹھیکے دینے پر عمل میں آئی ہے کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔