قومی خزانے کو ایک پائی کا نقصان نہیں پہنچایا:حمزہ شہباز

قومی خزانے کو ایک پائی کا نقصان نہیں پہنچایا:حمزہ شہباز
کیپشن: image by faceboo

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو ایک پائی کا نقصان نہیں پہنچایا ۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گرفتاری ہمارے لیے نئی بات نہیں ، احتساب ادارے (نیب) سے مسلم لیگ ن کے کارکنان کی گرفتاریوں کا کام لیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں قربانیاں دینی پڑتی ہیں ، دھاندلی کا زخم صرف میرے سینے پر نہیں ، جمہوریت کے سینے پر ہے ، جعلی مینڈیٹ لے کر عمران خان وزیراعظم کے منصب پر بیٹھے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جیل کی سلاخیں ہمیں ڈرا نہیں سکتیں ، حوصلے پست نہیں بلکہ اور بھی مضبوط ہوئے ہیں ۔

انھوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے قریب آتے ہی مسلم لیگ ن کے لوگوں کی گرفتاریاں کی جاتی ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر قانونی اور آئینی جنگ لڑیں گے اور اگر یہی روش رکھی گئی تو سڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نندی پور اور پشاور میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے بھی معاملات نیب کے زیر تفتیش ہیں لیکن ان میں کوئی گرفتاریاں سامنے نہیں آتیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور منصوبے میں کروڑوں روپے کی خوردبرد کی تحقیقات کی جائے ، اس کیس میں تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان نامزد ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ نیب سے پلی بار گین کے تحت جان چھڑانے والوں کو پشاور کا منصوبہ دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پرانے دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکلوایا گیا ۔