اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد

اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پر 4ماہ کی پابندی عائد کردی ہے۔

احمد شہزاد کا پاکستان کپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا جو مثبت آیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے 11 جولائی کو انہیں چارج کرکے معطل کر دیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد پر  4 ماہ کی پابندی عائد کر دی جس کا اطلاق 10 جولائی سے ہو گا۔

اوپننگ بلے باز نے تسلیم کیا کہ انہوں نے پی سی بی کے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی کارکردگی میں اضافے یا دھوکا دینے کی غرض سے ایسا نہیں کیا۔احمد شہزاد کو پی سی بی کے قانون کی شق 8.6 کے تحت سزا دی گئی ہے جسے اوپننگ بلے باز نے تسلیم کر لیا ہے۔

پابندی کے لحاظ سے احمد شہزاد 10نومبر تک پی سی بی کی جانب سے منظور شدہ کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے تاہم 11نومبر سے انہیں قائد اعظم ٹرافی سمیت تمام ایونٹس میں شرکت کی اجازت ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پابندی کے ساتھ ساتھ احمد شہزاد کو پابند کیا ہے کہ وہ بورڈ کی جانب سے بتائی گئی جگہوں پر ڈوپنگ کے حوالے سے لیکچر دیں گے تاکہ نوجوان نسل کو اس سے دور رکھا جا سکے۔