پیپلز پارٹی کے اعتراض پر پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ کراچی منتقل

 پیپلز پارٹی کے اعتراض پر پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ کراچی منتقل
کیپشن: پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے اور 18 اکتوبر کی تاریخ پر تحفظات ظاہر کیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتراض کے بعد اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) نے کوئٹہ میں ہونے والا جلسے کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔ یہ جلسہ 18 اکتوبر کو کوئٹہ کے بجائے اب کراچی میں ہو گا جبکہ اپوزیشن اتحاد کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر گوجرانوالہ میں ہو گا۔

پی ڈی ایم میں کوئٹہ جلسہ کی تاریخ پر اختلاف سامنے آ گیا۔ پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی نے جلسہ 11 اکتوبر کو رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم جے یو آئی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی نے جلسہ 18 اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا۔

پیپلزپارٹی نے  پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے اور 18 اکتوبر کی تاریخ پر تحفظات ظاہر کیے کیونکہ پیپلز پارٹی 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی مناتی ہے اور سانحہ پر کراچی میں جلسہ کرے گی۔

پی پی کا کہنا تھا کہ کراچی جلسہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا کیونکہ سانحہ کار ساز میں 177 افراد شہید اور 610 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری طرف پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو کراچی منتقل کر دیا ہے جس کی میزبانی پیپلز پارٹی کرے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ گوجرانوالہ میں ہو گا اور 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ ہو گ جبکہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ ہو گا۔ 22 نومبر کو پشاور میں جلسہ ہو گا۔ 30 نومبر کو ملتان میں میدان سجے گا۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کا جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا ہے۔

اجلاس کے بعد بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزاد عدلیہ چاہتے ہیں اور اجلاس میں بغاوت کے مقدمات کی پر زور مذمت کی گئی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے بعد بنائے جانے والے گروپ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا تھا اور پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا سربراہ احسن اقبال کو بنایا گیا تھا۔

ایک روز قبل پی ڈی ایم کے رہنماؤں کا ورچوئل اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں صدر کا عہدہ مولانا فضل الرحمان کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔