صدر عارف علوی کی امیر شیخ نواف الاحمد الجابر سے ملاقات

صدر عارف علوی کی امیر شیخ نواف الاحمد الجابر سے ملاقات
کیپشن: صدر پاکستان نے سے کویت کی قیادت اور قوم کے ساتھ امیر کویت کی وفات پر تعزیت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فوٹو/ ریڈیو پاکستان

کویت سٹی: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے کویت سٹی میں ملاقات کی اور مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ایوان صدر کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق صدر مملکت پیر کی صبح کویت پہنچے۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے کویت کی قیادت اور قوم کے ساتھ امیر کویت کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

عارف علوی نے مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کو پاکستان کا مخلص اور آزمودہ دوست قرار دیا جنہوں نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب تر لانے میں گراں قدر کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ علاقائی امن اور استحکام اور دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں مرحوم امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی کوششوں کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ 91 سالہ شیخ صباح الاحمد الصباح گزشتہ دنوں امریکا میں انتقال کر گئے تھے جہاں وہ علاج کے لیے رواں برس جولائی میں گئے تھے۔ 

 شیخ صباح نے آخری دن تک خلیجی ممالک کا تنازع حل کرنے کی کوشش جاری رکھی جبکہ نوے کی دہائی میں ان پر حملہ آور ہونے والے عراق سے بھی قریبی تعلقات بحال کر دیے تھے۔