دنیا کی ٹاپ ٹیموں کا دورہ پاکستان ،پی سی بی نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری سنا دی 

دنیا کی ٹاپ ٹیموں کا دورہ پاکستان ،پی سی بی نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری سنا دی 

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کو یقین ہے کہ آئندہ 2 سالوں میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی ۔

وسیم خان نے مداحوں پر بھی زور دیا کہ وہ ہندوستان کے خلاف دوطرفہ سیریز کھیلنے کے بارے میں فکر کرنا چھوڑ دیں کیونکہ موجودہ سیاسی ماحول میں اس کا امکان نہیں ہے۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں فی الحال بھارت سے سیریز کا خواب دیکھنا چھوڑ دینا چاہیئے کیوں کہ جب تک بھارت میں نریندر مودی کی حکومت ہے اس وقت تک دو طرفہ سیریز ہونے کے امکانات مدھم رہیں گے۔

 بی سی سی آئی کو پاکستان کھیلنے سے پہلے ہندوستان کی حکومت سے اجازت لینا ہوگی اور یہ ایک حقیقت ہے کہ مودی سرکار کے پاکستان کے بارے میں خیالات کو دیکھتے ہوئے اس بات کا زیادہ امکان نہیں ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان بھارت سے کھیلے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹ شائقین کے لئے میرا پیغام یہ ہے کہ ہم نے اب تک بہت کچھ حاصل کیا ہے اور اب بھی بہت محنت کرنا باقی ہے لیکن پاکستان کرکٹ کے پاس ہندوستان سے کھیلنے کی فکر کرنے کے علاوہ بھی اور بھی بہت کچھ سوچنے کو ہے ۔

 وسیم خان کو امید ہے کہ مستقبل قریب میں انگلینڈ ، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا پاکستان کا دورہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم 2022 میں انگلینڈ کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں ، جنوری 2021 میں ہم جنوبی افریقہ اور اس کے بعد نیوزی لینڈ جبکہ پھر 2022 میں آسٹریلیا بھی آئیگا ۔ ہمارے لیے اگلے 2 سال بہت اہم ہیں ۔