سندھ حکومت کا گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق بڑا فیصلہ

سندھ حکومت کا گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق بڑا فیصلہ
کیپشن: انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ہی گاڑی ٹرانسفر کی جا سکے گی، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز سندھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت نے گاڑیوں کی خرید و فروخت کو نیشنل ڈیٹا اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق نئے سسٹم پر ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور نادرا حکام کے درمیان ابتدائی معاملات طے پاگئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز سندھ شعیب صدیقی کے مطابق خریدار پر گاڑی کا ایک ماہ کے اندر اپنے نام پر اندراج کرانا لازمی ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نادرا سینٹرز پر بائیومیٹرک کے ذریعے خرید و فروخت کا عمل مکمل ہوگا۔ڈی جی ایکسائز نے یہ بھی کہا کہ گاڑی کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور فروخت کنندہ کو نادرا سینٹر جانا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے فروخت کنندہ اور خریدار کے انگوٹھے کے نشانات لیے جائیں گے اور اس کے بعد دونوں ہی کو رسید ملے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز سندھ نے واضح کیا کہ انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ہی گاڑی ٹرانسفر کی جا سکے گی۔ اوپن لیٹر پر گاڑی چلانے سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔

شعیب صدیقی نے کہا کہ اگر گاڑی 4 بار فروخت ہوتی ہے تو صرف ایک بار ہی ٹرانسفر کرائی جاتی ہے۔بائیو میٹرک ٹرانسفر سے وہیکل ٹیکس اور ریونیو میں 30 فیصد تک اضافہ ممکن ہو گا۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ  اس اقدام سے چوری کی روک تھام اور جعلی گاڑیوں کی نشاندہی بھی ہو سکے گی۔