پریشر کوکر سے شادی کرنے والا نوجوان دلبرداشتہ، 4 دن بعد ہی طلاق  

Young man married to pressure cooker, divorced 4 days later
کیپشن: فائل فوٹو

جکارتہ: انڈونیشیا میں پریشر کوکر سے شادی کرنے والے نوجوان نے دل برداشتہ ہو کر اسے چوتھے روز ہی طلاق دیدی ہے۔ خیرالانعام نامی اس نوجوان نے کہا کہ مجھے جو امیدیں تھیں، پریشر کوکر اس پر پورا نہیں اتر سکا، یہ تو بس چاول ہی بنا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خیر الانعام نے صرف توجہ حاصل کرنے کیلئے پریشر کوکر سے شادی کا ڈھونگ رچایا تھا، ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی ذی شعور شخص کسی پریشر کوکر کو اپنا جیون ساتھی بنا لے۔

تاہم انڈونیشین نوجوان خیرالانعام کے پیش نظر جو کچھ بھی ہو اس نے ایک مرتبہ یہ مزاحیہ قسم کی شادی کرنے سوشل میڈیا کی توجہ حاصل کر لی تھی۔ لوگ ایک انسان اور پریشر کوکر کی شادی کو لے کر مختلف تبصرے کر رہے تھے۔

خیر الانعام نے پریشر کوکر سے طلاق کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ میں نے کم گوئی اور کھانا پکانے کی صلاحیت کی وجہ سے ہی پریشر کوکر کو اپنا جیون ساتھی بنایا تھا لیکن شادی کے صرف چار دن بعد ہی مجھ پر یہ عقدہ کھلا کہ یہ جناب تو صرف چاول ہی پکا سکتے ہیں، اس کے علاوہ ان میں کوئی اور کوالٹی سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ خیرالانعام انڈونیشیا میں سوشل میڈیا پرسنیلیٹی ہیں اور اکثر اوقات ایسی حرکتیں کرکے صارفین کی توجہ حاصل کرتے رہتے ہیں۔