مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں ''ونڈوز 11 '' لانچ کردی  

Windows 11 launches with redesigned start menu
کیپشن: فائل فوٹو

سان فرانسسکو: ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم کیلئے ونڈوز 11 کو لانچ کر دیا ہے، تاہم یہ ہر کمپیوٹر کیلئے کارآمد نہیں ہوگی، صرف ''ونڈوز 10'' کے صارفین قانونی طور پر مفت میں اپنے کمپیوٹر کا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 میں اپ گریڈ کر سکیں گے۔

ونڈوز 11 کیلئے کمپیوٹر کا کئی شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے جن میں ریم اور ہارڈ ڈسک کی زیادہ گنجائش کا ہونا شامل ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہرین کی جانب سے کہا گیا ہے 64 گیگا بائٹ سے کم کی ہارڈ ڈرائیو کے حامل کمپیوٹرز پر اسے چلانا مشکل ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈیوئل کور سے کم ٹیکنالوجی والا پروسیسر، ایک گیگا ہرٹز سے کم رفتار والے کمپیوٹرز اسے نہیں چلا سکیں گے۔

ونڈوز کے چیف پراڈکٹ آفیسر پینس پینی نے کہا ہے کہ یہ نیا ورژن صارفین کے کیلئے انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری کاوش دنیا بھر میں موجود ہمارے چاہنے والوں کو پسند آئے گی۔ اسے ٹیکنالوجی سے نابلد لوگ بھی آسانی سے اپ گریڈ کر سکیں گے۔ 

ونڈوز 11 کے ڈیزائن میں کچھ اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کے سٹارٹ مینیو کو بائے ڈیفالٹ سکرین کے درمیان میں رکھا گیا ہے۔ جب کوئی صارف اس سٹارٹ بٹن کو دبائے گا تو اس کے سامنے زیر استعمال تمام ایپس کھل جائیں گی۔

پہلی نظر میں دیکھنے پر یہ کسی سمارٹ فون کی نقالی لگتا ہے۔ مائیکروسافٹ نے اس کے علاوہ اپنے نئے ونڈو ورژن میں ٹائلز کو ڈراپ کر دیا ہے جو اس کے پرانے ونڈوز 10 کا حصہ تھیں۔