ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی سکواڈ کی روانگی کا شیڈول جاری

ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی سکواڈ کی روانگی کا شیڈول جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کی روانگی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے باﺅلنگ کنسلٹنٹ ویرنون فلینڈر 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور قومی سکواڈ کے سپورٹ سٹاف میں شامل تمام ارکان 8 اکتوبر کو لاہور میں جمع ہوں گے۔ 
قومی سکواڈ کے سپورٹ سٹاف میں شامل تمام ارکان لاہور کے مقامی ہوٹل میں سات روز کا قرنطینہ کریں گے اور 15 اکتوبر کو لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو جائیں گے جبکہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن یو اے ای میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ 
نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کا فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس میں ٹورنامنٹ میں شریک وہ کھلاڑی جو ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ ہیں، ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستانی سکواڈ 15اکتوبر کو چارٹر فلائٹ پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جائے گا جبکہ قومی سکواڈ میں شامل تمام ارکان کو اپنے ہمراہ فیملیز کو بھی لے جانے کی اجازت ہو گی۔