پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد نے استعفیٰ دیدیا

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد نے استعفیٰ دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک اور استعفیٰ آ گیا ہے اور ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد جہاں کئی معاملات پر تشویش اور برہمی کا اظہار کیا وہیں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان منسوخ ہونے والی سیریز میں ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کی موجودگی کے حوالے سے غفلت برتنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔ 
رمیز راجہ نے اس معاملے پر انکوائری کرنے کا کہا تاہم تحقیقات شروع ہونے سے پہلے ہی پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جنہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو بجھوا دیا ہے، پی سی بی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بابر حامد گزشتہ کئی دنوں سے دفتر نہیں آرہے تھے۔
واضح رہے کہ رمیز راجہ کے چیئرمین بننے کے بعد پی سی بی میں یہ چوتھا استعفیٰ ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس مستعفی ہوئے تھے جس کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔