شمالی کوریا سے امریکہ یا اتحادیوں کو خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا: جیمز میٹس

شمالی کوریا سے امریکہ یا اتحادیوں کو خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا: جیمز میٹس

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع  جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکی یا  اس کے اتحادیوں کو  شمالی کوریا   کی جانب سے کسی بھی خطرے کا سامنا بھرپور فوجی قوت سے کیا جائے گا۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیمز میٹس کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیشنل سکیورٹی کی بریفنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔  اس سے قبل شمالی کوریا نے اتوار کو جوہری ہتھیار کا کامیاب تجربہ کیا جو دور تک مار کرنے والے میزائل پر نصب کیا جا سکتا ہے۔

جیمز میٹس نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'امریکہ اپنے اور اپنے اتحادیوں جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ یا اس کے کسی بھی علاقے بشمول گوام یا ہمارے اتحادیوں کو کسی بھی خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا اور یہ جواب موئثر ترین اور شدید ہو گا۔

دریں اثناء اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کے روز ایمرجنسی اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری ٹیسٹ پر عالمی ردعمل کے حوالے سے بحث کی ۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ امریکہ ایسے ملک کے ساتھ تجارت کو بند کر دے گا جو شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرتا ہے۔

مصنف کے بارے میں