شکر ہے 2013میں وفاقی حکومت نہیں ملی : عمران خان 

شکر ہے 2013میں وفاقی حکومت نہیں ملی : عمران خان 

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شکر ہے 2013 میں حکومت نہیں ملی،اگر اس وقت حکومت مل جاتی تو ناتجربہ کاری کی وجہ سے بہت مشکل ہوتی اور وفاق میں بھی خیبر پختونخوا والا حال ہوتا، پرویز خٹک کے سوا کسی کو پتا ہی نہ تھا کہ ہو کیا رہا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے وزراء اور اراکین اسمبلی بھی بلدیاتی نظام کے مخالف ہیں،اگر اس وقت حکومت مل جاتی تو ناتجربہ کاری کی وجہ سے بہت مشکل ہوتی،خیبرپختونخوا میں ایک سال تک پتہ ہی نہیں چلا تھا کہ ہو کیا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا میں متعارف کروائے گئے نئے بلدیاتی نظام پر اس لیے اب تک مکمل طور پر عمل نہیں کیا جا سکا کیونکہ ان کی اپنی جماعت کے ارکان صوبائی اسمبلی اور صوبائی بیوروکریسی اس نظام کی مخالف ہے۔


انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر تو یہ نظام پورے صوبے میں نافذ ہو چکا ہے لیکن اس کے عملاً نفاذ میں کچھ وقت لگے کا کیونکہ ہم نے اس میں ایسے انقلابی کام کیے ہیں جو اس سے پہلے پاکستان میں ہوئے ہی نہیں،اس لیے ان کی مخالفت بھی ہو رہی ہے، خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام پورے ملک میں سب سے اچھا ہے۔ کراچی کا میئر کہتا ہے کہ ہمیں خیبر پختونخوا والا نظام چاہیے، پنجاب کے بلدیاتی نمائندے کہتے ہیں کہ انہیں بھی وہی نظام چاہیے، اس نظام میں کچھ تو ہے ایسا، جبھی تو لوگ اس کا مطالبہ کرتے ہیں۔