کیا ریٹائرڈ جج افتخار چیمہ نے واقعی نوجوان لڑکی سے شادی کر لی ؟ حقیقت سامنے آگئی

کیا ریٹائرڈ جج افتخار چیمہ نے واقعی نوجوان لڑکی سے شادی کر لی ؟ حقیقت سامنے آگئی
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور :  جسٹس ریٹائر افتخار چیمہ کے بارے سوشل میڈیا  خبر چلنے کے بعد ان کے بیٹے بیرسٹر عثمان چیمہ میدان میں آ گئے ہیں اور اصل حقیقت سے پردہ اٹھا دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد چیمہ کے صاحبزادے بیرسٹر عثمان چیمہ نے اپنے والد کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے افواہوں کی تردید اور سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” میرے والد کے بارے میں شائع کی گئی تصویر حلقہ کے پی ٹی آئی کے سیاسی یتیموں کی جانب سے جاری کی گئی ہیں ، میں اپنے پورے خاندان کی طرف سے اس کی بھر پور مذمت کرتاہوں اور یہ مکمل طور پر جعلی اور جھوٹ پر مبنی ہیں ۔

بیرسٹر عثمان چیمہ کا کہناتھا کہ یہ تصویر دراصل ایک یتیم بچی کی شادی کی ہے جس میں میرے والد بطور ایم این اے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ، اس موقع پر انہوں نے یتیم بچی کی مالی امداد بھی کی ، شکست خوردہ عناصر نے یہ مذموم حرکت 2016 کے ضمنی الیکشن میں بھی کی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر سے اپنی شکست کا غم بھلانے کیلئے انہوں نے وہی گندہ راستہ اپنا ہے ۔ اس طرح کی حرکتیں ان کی گندی ذہنیت و تربیت کی عکاسی کرتی ہیں ۔

انہوں نے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس بے بنیاد مہم کو شروع کرنے اور اس کو پھیلانے والے ہیں ، ان کے خلاف باضابطہ کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو درخواست دیدی ہے ، جن اخبارات نے یہ خبر چھاپی اور ٹی وی چینل نے بغیر تصڈیق کے چلائی ہے ،ان کے خلاف بھی ہتک عزت کا دعویٰ دائرکرنے کیلئے لیگل ٹیم کو ہدایت کر دی ہے ۔