افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ

افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع سندھ حکومت کے مطابق افتخار شلوانی کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا آج نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ افتخار شلوانی اس وقت سیکرٹری بلدیات سندھ ہیں۔واضح رہے کہ افتخار شلوانی کمشنر کراچی کے طور پر فرائض بھی انجام دے چکے ہیں اور گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے افتخار شالوانی کا تبادلہ کر کے سہیل راجپوت کو کمشنر کراچی تعینات کیا تھا۔سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق افتخار شلوانی کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ہاؤسنگ اینڈ پلاننگ تعینات کیا گیا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ کو جنرل سروسز میں تعینات کیا گیا تھا۔

افتخار شلوانی کو روشن علی شیخ کی جگہ تعینات کیا گیا۔یاد رہے کہ سابق میئر کراچی وسیم اختر کی مدت 30 اگست کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنا ہے اور سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اچھی شہرت کے حامل فرد کو ہی ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا جائے گا جو کراچی کے مسائل سے بخوبی واقف ہو ان کے حل کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اجلاس میں کہا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے بااختیار ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے کیونکہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا مقسم ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔ وفاقی حکومت کو مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کےلیے بااختیار موثر نظام تشکیل دیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔