راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی

راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی

لاہور: پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

راولپنڈی رنگ روڈ کی منظوری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں 10 دیگر منصوبوں کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ 50 ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے جبکہ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹ کے لیے طریقہ کار کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائیں اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں، اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 4 چھوٹے ڈیمز پر ابتدائی کام شروع کرنے کی بھی منظوری دی تھی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پانی کے ذخیرے کے لیے چھوٹے ڈیمز بنانا وقت کی ضرورت ہے اور پنجاب حکومت چھوٹے ڈیمز کے لیے مختلف آپشن پر غور کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کے لیے ٹیکنیکل اسٹڈی کی جا رہی ہے کوہ سلیمان کے پہاڑی نالوں سے ہر سال لاکھوں کیوسک پانی ضائع ہوتا ہے۔