بنگلا دیش، مسجد میں ائیرکنڈیشنر پھٹنے سے 16 نمازی جاں بحق

بنگلا دیش، مسجد میں ائیرکنڈیشنر پھٹنے سے 16 نمازی جاں بحق
کیپشن: حادثے میں 45 سے زائد افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ڈیلی سٹار بنگلہ دیش

ڈھاکا: بنگلا دیش کے شہر نریان گنج میں ایک مسجد میں ائیر کنڈیشنر پھٹنے سے 16 نمازی جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت ڈھاکا سے ملحقہ شہر نریان گنج کی مسجد میں گزشتہ روز عشاء کے وقت پیش آیا۔

حکام کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر گیس پائپ لائن میں لیکیج کے باعث ہوا۔ مسجد کے قریب گیس لائن سے لیک ہوئی گیس مسجد میں بھر گئی اور اس وقت مسجد کے دروازے کھڑکیاں بند تھیں جب کہ بجلی بھی نہیں تھی۔

 بجلی آنے پر جیسے ہی ائیر کنڈیشنر چلائے گئے تو چنگاری نکلی اور دھماکے سے ائیر کنڈیشنر پھٹ گیا۔حادثے میں 45 سے زائد افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈھاکا کے برن اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال میں دوران علاج 16 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جب کہ دیگر زخمیوں کا اعلاج جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور گیس لائن سے گیس لیکیج سمیت دیگر نکات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔