وفاق نے کراچی کیلئے 300 اور سندھ حکومت نے 800 ارب روپے کا پیکج دیا، بلاول

وفاق نے کراچی کیلئے 300 اور سندھ حکومت نے 800 ارب روپے کا پیکج دیا، بلاول
کیپشن: ہم کراچی کے مسائل حل کرسکتے ہیں اور وفاق سے اپنا حق لینا ہو گا، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کے کراچی کیلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے کے پیکج میں سے 800 ارب روپے کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے بعد کراچی کے نئے ضلع کیماڑی کے سب ڈویژن ماڑی پور میں کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔

اس دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل حل کرسکتے ہیں اور وفاق سے اپنا حق لینا ہو گا، کراچی کیلئے وفاقی حکومت نے 300 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، سندھ حکومت نے 800 ارب روپے رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کی ترقی کیلئے اچھی شروعات ہے اور سندھ کے عوام کو ريليف کے کاموں ميں مدد کی ضرورت ہے لہٰذا وزيراعظم عوام کی مدد کیلئے ہمارا ساتھ ديں۔

ان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے دور میں جب سیلاب آیا تو وطن کارڈ سے مدد کی، لوگوں کی جان و مال، فصلوں کا نقصان ہوا ہے ہر قدم پر ان کی مدد کی کوشش کر رہے ہیں اور وزیراعظم بھی اس معاملے پر ہمارا ساتھ دیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے طوفانی بارشوں کے ایک ہفتے بعد کراچی کا دورہ کیا اور شہر کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔