بلاول ، شہباز ، مریم اور فضل الرحمن چوں چوں کا مربہ ہیں: فواد چودھری

بلاول ، شہباز ، مریم اور فضل الرحمن چوں چوں کا مربہ ہیں: فواد چودھری

لاہور : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج بھی بھارت سید علی گیلانی سے خوفزدہ ہے۔ نریندر مودی کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ نریندر مودی اتنا بزدل ہے کہ آزادی کے نعرے برداشت نہیں کرسکا۔ اپوزیشن کی کوئی رائے نہیں ہے۔ اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی موت کے بعد بھی بھارت کے لیے خوف کی علامت ہیں۔ 

فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتے ۔ افغانستان سے سیاسی ،معاشی اور سماجی تعلق ہے۔ اس وقت افغانستان میں کوئی سیاسی حکومت نہیں ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں استحکام ہونا چاہیے اور حکومت میں تمام سیاسی دھڑوں کا شامل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا افغانستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بھارت میں انتخابات ہو رہے ہیں وہ اس پر توجہ دے ۔ بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار تھا ، نہ ہے اور نہ ہی آئندہ ہوگا۔ 

ملکی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف ، مریم نواز اور فضل الرحمن کی کوئی رائے نہیں ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے کوئی سنجیدہ بات نہیں ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے اندر لڑائی جھگڑا جاری ہے۔ ن لیگ میں ٹاس ہو رہا ہے کہ ایک ہفتے مریم اور ایک ہفتے شہباز شریف قیادت کریں گے۔