مصباح الحق نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

مصباح الحق نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

 لاہور: ٹیسٹ کپتان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی یہ سیریز آخری ہو گی۔ ہمیں کھیل میں بٹوارا نہیں کرنا چاہیئے۔ مصباح الحق نے کہا کوشش ہے اچھے نوٹ پر کیریئر ختم کروں۔ کرکٹ کا سفر بہت اچھا رہا ہے اور جو کچھ بھی اچیومنٹ ہیں اس سے مطمئن ہوں۔ ورلڈ کپ 2015 جیتنا خواب تھا وہ پورا نہیں ہو سکا۔

مصباح الحق نے بتایا سرفراز احمد 2 فارمیٹ میں کپتانی کر رہا ہے بہتر یہ ہے اسکو سب سپورٹ کریں۔ ابھی کچھ فائنل نہیں کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کرنا ہے۔ سلیکشن سے متعلق سوال کا جواب سلیکٹرز ہی دے سکتے ہیں۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن اچھی ہے جبکہ شخصیات پر تنقید کے بجائے مثبت سوچ کے ساتھ تنقید ہونی چاہیے۔ آخری 6 ٹیسٹ ہماری ٹیم کی صلاحیت کو شو نہیں کر رہے۔ ٹیم کو دوبارہ وننگ ٹریک پر آنے کیلئے ویسٹ انڈیز سیریز اچھا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کیریئر میں مشکلات بھی بہت آئیں فی الحال جو کر رہا ہوں اس پر توجہ ہے۔ مصباح الحق نے کہا بورڈ میں آنا ہے یا نہیں ابھی ایسا کچھ نہیں سوچا۔ دباؤ کی بات نہیں پہلے ہی کرکٹ چھوڑنے کا ارادہ کر لیا تھا۔ کسی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ اسے نظر انداز کر دیا گیا۔ بھارت سے سیریز ہوتی تو اچھا ہوتا۔ ویسٹ انڈیز سیریز ہمارے لیے ضروری ہے اور کوشش ہوتی ہے جو بھی ٹیسٹ کھیلیں جیتیں۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز مصباح الحق کی آخری ٹیسٹ سیریز ہو گی۔ مصباح الحق سے بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے تاہم یہ ان کا آخری دورہ ثابت ہو گا۔

یاد رہے مصباح الحق نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف28 رنز کی ٹیسٹ اننگز کھیل کر کیا۔ 2003 سے 2007 تک کپتان ون ڈے میچز میں اِن ایکشن رہے۔ جولائی 2007 میں اپنی بہترین پرفارمنس کی بدولت مصباح کو جنوبی افریقہ میں ہونے والی ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن شِپ کے لیے منتخب کیا گیا جس میں مصباح ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنے سولہ سالہ کیریئر میں مصباح الحق نے 72 ٹیسٹ میچز کی 126 اننگز میں 4 ہزار 951 رنز بنائے جس میں 10 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 162 ون ڈے میچز اور 39 ٹی 20 میچز کھیلے۔

ون ڈے میچز میں انہوں نے 5122 اور ٹی 20 میچز میں 788 رنز بنائے۔ مصباح الحق کو وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر 2017 میں دنیا کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں