اسلامی فوجی اتحاد کسی ملک کے نہیں دہشت گردی کیخلاف ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلامی فوجی اتحاد کسی ملک کے نہیں دہشت گردی کیخلاف ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکہ کی طرف سے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے۔ بھارت خطے میں اپنی چودھراہٹ قائم رکھنے کیلئے مسئلہ کشمیر پر کسی تیسرے ملک کی ثالثی کو مسترد کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز نے بھی اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسئلہ کشمیر پر اسی طرح ثالثی کی پیشکش کی تھی جس کا پاکستان نے خیر مقدم کیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم خطے میں امن اور اقتصادی ترقی کیلئے بھارت سمیت تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ پُرامن تعلقات کے خواہاں ہیں۔ نفیس زکریا نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ بھارت مختلف ہتھکنڈوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس بات سے آگاہ ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی سے بُری طرح متاثر ہے جبکہ اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کے خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعترافی بیان اس کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے اور یہ اتحاد نا تو کسی ملک کیلئے ہے نا ہی کسی ملک کے خلاف۔ ہماری افواج انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے کارآمد ہیں اور دونوں ملکوں کو مشترکہ چیلنجزکا مل کر جواب دینا ہو گا۔

پاکستان افغانستان میں کسی بھی قسم کی پراکسی وار کے خلاف ہے کیونکہ پاکستان ہمسایہ ممالک سمیت تمام دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ ترجمان نے بتایا تجارتی اور دیگر قانونی مقاصد کیلئے ویزے پر افغان شہریوں کو آنے جانے کی اجازت ہے۔ افغانستان میں رہنے اور کام کرنے والے پاکستانیوں کو ویزا توسیع میں مشکلات ہیں جس کے لئے افغانستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں