مصباح الحق کو پورے اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جائے گا، شہریار خان

مصباح الحق کو پورے اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جائے گا، شہریار خان

لاہور:  مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ کیلئے جو کچھ ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ میں نمبر ون ٹیم بنایا ، ان کے اعزاز میں اعلیٰ پایہ کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار پی سی بی چیئرمین شہر یار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہریار خان نے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح کی جتنی تعریف کروں اتنی کم ہے،ہر جگہ مصباح کی تعریف ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کیلئے مصباح کی بہت زیادہ خدمات ہیں،کپتان نے جو مثال قائم کی اس سے کھلاڑی سیکھتے ہیں.مصباح الحق نے اپنی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو نمبر ون بنوایا۔یاد رہے کہ مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز ان کی آخری سیریز ہوگی.

یاد رہے کہ اس سے پہلے ماضی کے عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھی مصباح الحق کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کی جتنی خدمت مصباح الحق نے کی اتنی کسی کے حصے میں نہیں آئی انہیں پورے اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جانا چاہیے۔