پارلیمنٹ میں ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کی جائے گی: رضا ربانی

پارلیمنٹ میں ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کی جائے گی: رضا ربانی

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت کالا دھن سفید کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پارلیمنٹ میں ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کی جائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ عجلت میں اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں، حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے سے کچھ عرصہ قبل ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیوں کیا گیا۔ نام نہاد قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں، ویک اینڈ پر آرڈیننس کا اجرا کیوں کیا گیا، اس آرڈیننس کی کابینہ نے منظوری بھی نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمنسٹی اسکیم کی مدد سے غیر قانونی پیسا کمایا جا رہا ہے۔ ملک کے غریب عوام کیلئے کوئی ایمنسٹی اسکیم نہیں لائی گئی، حکومت تمام اسکیمیں صرف سرمایہ داروں کیلئے لائی ہے۔ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہے۔ حکومت کی اسکیمیں ناکام ہوئیں، حکومت نے کہا کہ سینیٹ کو ٹیکسیشن کی پاور نہیں دی جاسکتی۔