حمزہ، سلمان شہباز اور مفتاح اسماعیل کے نام ای سی ایل پر ڈال دیے گئے

حمزہ، سلمان شہباز اور مفتاح اسماعیل کے نام ای سی ایل پر ڈال دیے گئے
کیپشن: حکومت نے ان افراد کے نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز، ان کے بھائی سلمان شہباز اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے سابق سربراہ معین آفتاب کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ان افراد کے نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب ٹیم انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

نیب نے اعلامیے میں کہا کہ نیب لاہور کی ٹیم حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتاری کے لیے گئی تھی تاہم حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب کیا اور بعض اہلکاروں کے کپڑے پھاڑنے کے علاوہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔