حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف نیب ٹیم پر تشدد کا مقدمہ درج

حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف نیب ٹیم پر تشدد کا مقدمہ درج
کیپشن: ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، فائل فوٹو

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

نیب کے ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مدعی نیب اہلکار نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے گارڈز نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ کپڑے پھاڑ دیے اور سرکاری گاڑی کا شیشہ توڑا جبکہ نیب ٹیم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

گزشتہ روز نیب کی ٹیم نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شریف کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا لیکن وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے نیب ٹیم پر مبینہ طور پر تشدد کرتے ہوئے گرفتاری میں مزاحمت کی تھی۔ اس کے نتیجے میں نیب اہلکار حمزہ شہباز کو گرفتار کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔

دوسری جانب ن لیگ نے بھی نیب اہلکاروں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درخواست دی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ نیب نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔