شریف برادران چاہتے ہیں کہ قانون انکی مرضی کے مطابق چلے، فواد چودھری

شریف برادران چاہتے ہیں کہ قانون انکی مرضی کے مطابق چلے، فواد چودھری
کیپشن: کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں، فواد چودھری۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں اور شریف برادران چاہتے ہیں کہ قانون انکی مرضی کے مطابق چلے۔ 37 ارب ڈالر سے ملک میں بڑے بڑے منصوبے لگے اور قیام پاکستان سے 2008 تک بیرونی قرضہ 37 ارب ڈالر تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 تک ہمارا قرضہ 97 ارب ڈالر تک پہنچ گیا اور 60 ارب ڈالر قرضے کا بڑا حصہ ان کی جیبوں میں گیا تاہم اب عوام کا لوٹا گیا پیسہ ہر صورت واپس لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا گزشتہ حکومت کا ماڈل ٹاؤن واقعہ پر رویہ سب کے سامنے ہے اور حمزہ شہباز گھر میں چھپے ہوئے ہیں اور گرفتاری نہیں دے رہے۔ انہوں نے گھر میں عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا وقت آ گیا ہے کہ ہم سیاست اور جرم میں فرق کریں اور ملکی مفاد میں جرم کو سیاست کی ڈھال نہ بنائیں جبکہ شہباز شریف کیخلاف الزامات کے ثبوت موجود ہیں۔ شریف خاندان اور آصف زرداری پر اربوں روپے منی لانڈرنگ کے الزمات ہیں اور سابقہ حکومتوں کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا حکومت کے مثبت اقدامات سے معاشی استحکام آ رہا ہے اور بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کیلئے ایمنسٹی سکیم لا رہے ہیں۔