نیب سے نہیں بلکہ اس ملک کی معیشت سے ڈر لگ رہا ہے:حمزہ شہباز

نیب سے نہیں بلکہ اس ملک کی معیشت سے ڈر لگ رہا ہے:حمزہ شہباز
کیپشن: image by facebook

لاہور : اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیازی صاحب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نیب سے نہیں ڈرتا بلکہ اس ملک کی معیشت سے ڈر رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے اپنی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نیب سے ڈر نہیں لگتا ، نیب نے جب جب مجھے بلایا ہے میں نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر سوالات کے جوابات دیئے ہیں ۔

آج نیب نے خلاف قانون کارروائی کی جب لاہور ہائیکورٹ نے مجھے قبل از گرفتاری ضمانت دے رکھی ہے تو اس دوران نیب کیسے حراست میں لے سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرے والد شہباز شریف نے نیازی صاحب کو ملکی معیشت کو مل کر مضبوط کرنے کی پیشکش کی لیکن دوسری طرف سے چور اور ڈاکو کے نعرے سننے کو ملے ، انھوں نے کہا کہ سیاسی دشمنی کیلئے عمر پڑی ہے ، اس وقت ہمیں ایک ہو کر ملکی معیشت کی بحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔