تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر بعد ہوگا

تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر بعد ہوگا
کیپشن: تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر بعد ہوگا
سورس: file

اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلیں گے یا نہیں فیصلہ کچھ دیر بعدہوگا۔  این سی او سی کا اہم اجلاس آج ہورہا ہےجس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال دیکھتے ہوئے سکول کھولنے یا بند کرنے کا اعلان ہوگا۔

نیو نیوز کے مطابق این سی او سی اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم بھی شرکت کرینگے جبکہ علما ئے کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے ایس او پیز کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم وصحت کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند رکھنے پر غور کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں امتحانات کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا، اس ضمن میں جو بھی فیصلہ ہو گا وہ تعلیم وصحت کے حکام اور این سی او سی کا متفقہ ہوگا۔

دوسری طرف  ملک میں کورونا کی تیسری لہر نے سنگین صورتحال اختیار کرگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 103  جاں بحق ہوگئے۔3953 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کےمطابق ملک بھر میں  103 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مرنے والوں  کی تعداد 14 ہزار924ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز کورونا کے 46ہزار 665ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے   3 ہزار953  ٹیسٹ مثبت تھے۔ مثبت کیسز کی شرح 8 عشاریہ 47 فیصدرہی۔