روسی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

روسی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
کیپشن: روسی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
سورس: file

اسلام آباد: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف  بھارت کے 2 روزہ دورے کے بعد آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔سرگئی لاوروف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفد کی سطح پر بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت میں پاک روس تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف موجودہ حکومت میں پہلی مرتبہ پاکستان آرہے  ہیں۔اس وقت روسی وزیر خارجہ بھارت کے دورہ پر ہیں ۔سر گئی لاروف نئی دہلی سے ہی اسلام آباد پہنچیں گے.

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ 9 سال بعد پاکستان آرہے ہیں۔ افغان امن عمل میں روس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان اور روس کےتعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔