ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان

ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت غریبوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے  اور غربت کے خاتمے کے لیے بھی یو این ڈی پی ڈیٹا کی مدد لی جائے گی۔

یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں جاری ہونے والی رپورٹ کے اجرا پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی غریبوں کےمسائل پرخصوصی توجہ ہے،غربت کےخاتمےکیلئے اقدامات اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کورونا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوئے جبکہ حکومت کی ترجیح غریب افراد کو اوپر لانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ میری نظر میں معاشرہ اپنے کمزور طبقے کی دیکھ بھال سے پہچانا جاتا ہے اور ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، دنیا کو سوچنا پڑےگا کہ چند افراد کے ہاتھوں میں ساری دولت نہیں ہونی چاہیے۔ ہر سال غریب ممالک کے 10 کھرب ڈالرز امیر ممالک کے پاس چلے جاتے ہیں کیونکہ غریب ممالک کےکھربوں ڈالرمنی لانڈرنگ کی صورت امیر ممالک میں جاتے ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوا مگر اس دورانیے میں بعض افراد مزید امیر ہو گئے جبکہ اُن کی جائیدادوں اور اثاثوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور دنیا کے ہر انسان کے لیے کورونا ویکسین کا اقدام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر مافیا کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کرائی اور اب ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوامیں جب حکومت سنبھالی توصوبہ دہشت گردی سے تباہ تھا اور اب خیبرپختونخوا ترقی کی دوڑ میں پنجاب کے برابر آ چکا ہے۔ 

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ سے حکومت کو پالیسیاں بنانے میں مدد ملے گی اور غربت کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے گا جبکہ ہماری حکومت عوام کو براہ راست سبسڈی دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔