انتخابی اصلاحات کیلئے وزیراعظم نے علی ظفر کو اپوزیشن سے رابطے کا ٹاسک دیدیا

انتخابی اصلاحات کیلئے وزیراعظم نے علی ظفر کو اپوزیشن سے رابطے کا ٹاسک دیدیا
کیپشن: انتخابی اصلاحات کیلئے وزیراعظم نے علی ظفر کو اپوزیشن سے رابطے کا ٹاسک دیدیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کو اپوزیشن سے رابطے کا ٹاسک دے دیا

ذرائع کے مطابق نامور قانون دان بیرسٹر علی ظفر سے ملاقات میں وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کے لیے انہیں اپوزیشن سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابی اصلاحات پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔

عمران خان نے علی ظفر سے گفتگو میں کہا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات سے بہت کچھ سیکھا، انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کا استعمال روکیں گے۔ سینیٹ میں حکومت کی حکمت عملی بہت واضح ہے، ایوان بالا میں تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں گےکیونکہ  حکومت کی کوشش ہے زیرالتوا قانون سازی جلد مکمل کی جائے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے حوالے سے خط لکھا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کے لیے اسپیکر کو لکھے گئے خط پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ الیکٹرونک ووٹنگ کی بات کرتے ہیں اور مشینیں ہی غائب ہو گئیں تو کہاں ڈھونڈیں گے اور مشینوں سے ڈیٹا ہی غائب ہو گیا تو کون ڈیٹا ڈھونڈ کر لائے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو جاہل جو آپس میں خط لکھ رہے ہیں اس سے مسئلے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک میں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں ۔ انتخابی نظام میں شفافیت لانی ہے تو پریزائیڈنگ افسر کو اٹھانے والوں اور کیمرے لگانے والوں کو پکڑیں۔