تیسرے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم میں کن کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

تیسرے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم میں کن کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بدھ 7 اپریل کو سینچورین میں کھیلا جائے گا جس کیلئے پاکستان کی جانب سے ٹیم میں دو کھلاڑیوں کی تبدیلی متوقع ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان پیر کے انگوٹھے کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف بقیہ میچز اور دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ عثمان قادر کی شمولیت کے امکانات بڑھ گئے ہیں جبکہ ٹاپ آرڈر بلے باز حیدر علی کو بھی قومی ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ 
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے عثمان قادر جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ ہیں تاہم انہیں تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کیلئے بھی قومی ٹیم میں شامل کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ 
دوسری جانب نوجوان مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کو جارح مزاج بلے باز آصف علی یا پھر پاکستان ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر دانش عزیز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے کیونکہ دونوں کھلاڑی ہی دوسرے ایک روزہ میچ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔