فیصلے  سے قبل ہی شہباز شریف کا سپریم کورٹ سے بڑا مطالبہ 

Shahbaz Sharif PMLN, PDM

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے آئین  انصاف چاہتا ہے، تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے ،جتنی تیز رفتاری سے آئین شکنی ہوئی، عوام انصاف بھی اتنا ہی تیز ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ،چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کر رہا ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ  وفاق کے بعد اب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے، عوام کے نمائندہ ایوان کو تالے اور خاردار تاریں لگا کر آئین کو روندا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو طاقت اور غنڈہ گردی سے آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلنے سے روکا جا رہا ہے جو سراسر بغاوت ہے ،،ان اقدامات سے عوام اور دنیا کو کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آئین اور قانون لاوارث ہے؟


شہبا ز شریف نے کہا   عمران نیازی آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھر رہا ہے ، عمران نیازی اپنے ساتھ پورے نظام اور ملک کو ڈبونے پر تل چکا ہے۔