شاہ محمود کو اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

شاہ محمود کو اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب نہیں سنبھالنا چاہتے تھے لیکن عمران نے منا لیا، ذرائع۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو اسپیکر قومی اسمبلی اور عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسپیکر قومی اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب نہیں سنبھالنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان نے انہیں اس منصب پر بٹھانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے انہیں راضی بھی کر لیا گیا ہے۔

 

مزید پڑھیں: پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر دیا

ذرائع کے مطابق عمران خان اسمبلی میں ایک مضبوط اپوزیشن کو سنبھالنے کے لیے کسی نئے آدمی کا چانس لینا نہیں چاہتے اور وہ اس عہدے کے لیے اسمبلی کا بڑا تجربہ رکھنے والے شخص کا انتخاب چاہتے ہیں اور اسی بناء پر شاہ محمود قریشی کو اس منصب کے لیے موزوں سمجھا جا رہا ہے۔

 

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے زرتاج گل اور شہریار آفریدی کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ لگانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے اور دونوں اعلان آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کر دیئے جائیں گے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں