وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ روایتی جنگ کا اشارہ دیدیا

 وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ روایتی جنگ کا اشارہ دیدیا
کیپشن: فائل فوٹؤ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ روایتی جنگ کا اشارہ دیدیا، انہوں نے کہا اگر دنیا نے مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو سب کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت نے کل جو کیا وہ ایک پلان نہیں، بی جے پی کے منشور کا حصہ تھا۔ ہمیں اس سیشن کی پوری طرح اہمیت کی سمجھ نہیں ہے۔ پارلیمنٹ سیشن کو صرف پاکستانی قوم نہیں ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اگر اپوزیشن ایسے ہی ڈسٹرب کرنا چاہتی ہے تو میں بیٹھ جاتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ یہاں سے پیغام جانا چاہیے کہ ساری قوم اکٹھی ہے۔ بھارتی فیصلے کا اثر پوری دنیا پر پڑا۔

حکومت میں آتے ہی ہم نے پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بھارت کو پیغام دیا ایک قدم آگے آؤ ہم دو قدم آگے بڑھیں گے۔ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کو سمجھایا پاکستان کا ہاتھ نہیں بھارت کو پیغام دیا ہم حالات خراب کرنا نہیں چاہتے۔ جب ٹرمپ سے ملاقات ہوئی انہیں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بھارت نے کل جو حرکت کی اس کا مجھے پہلے سے اندازہ تھا۔

بھارت نے کل جو کیا وہ ایک پلان نہیں، بی جے پی کے منشور کا حصہ تھا۔ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کو پڑھا جائے تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔ آرایس ایس کی آئیڈیالوجی ہے بھارت میں صرف ہندو ہوں گے۔ ہندوؤں میں مسلمانوں کے خلاف بغض بہت پرانا معاملہ ہے۔