مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے منہ پر تھپڑ رسید کیا، شہباز شریف

مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے منہ پر تھپڑ رسید کیا، شہباز شریف
Image Source: PMLN Twitter Account

اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا ہے، اب متفقہ قراردادوں سے بات نہیں بنے گی۔


 

تفصیلات کے مطابق ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے صرف کشمیر پر قبضہ نہیں کیا بلکہ پاکستان کی غیرت اور عزت کو للکارا ہے۔ کشمیر میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے کشمیر میں ماؤں بہنوں کے آنچل پھٹے ہیں۔ وہاں انٹرنیٹ بند اور لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے۔ جو کچھ ہو چکا، اب روایتی مذمت، قراردادوں کے بجائے ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے۔

 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ جھک جائیں یا ڈٹ جائیں، پلوں کے نیچے سے پانی گزر چکا ہے، ہمیں آج فیصلہ کرنا ہے، مودی نے ہماری شہ رگ کو ہاتھ ڈالا اس سے پہلے وہ شہ رگ کاٹے ہمیں اس کے ہاتھ کاٹنا ہونگے۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ میں ترک صدر طیب اردوان کا پورے ایوان کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے پاکستان کیساتھ دوستی نبھانے کا فرض ادا کیا۔