'کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر ممکن مدد جاری رکھے گا'

'کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر ممکن مدد جاری رکھے گا'
کیپشن: مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پوزیشن بہت واضح اور غیر متزلزل ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سلامتی کونسل کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اٹھانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق عالمی امن برقرار رکھنا اس کی ذمہ داری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے اہم بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 70 سالوں سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد بھی سلامتی کونسل کی ہی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ظاہر کرنے پر کونسل ممبران کے شکر گزار ہیں۔ کونسل ممبران نے کشیدگی میں کمی، عالمی قوانین کے احترام اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پوزیشن بہت واضح اور غیر متزلزل ہے۔ اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو صاف شفاف ریفرنڈم کے ذریعے حق خود ارادیت دیا ہے۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک پاکستان ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔