شام کے شمالی شہر حلب پر جنگ بندی کی قرارداد روس اور چین نے ویٹو کردی

شام کے شمالی شہر حلب پر جنگ بندی کی قرارداد روس اور چین نے ویٹو کردی

اقوامِ متحدہ : اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کے شمالی شہر حلب میں جنگ بندی کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد روس اور چین نے ویٹو کردی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق قرارداد پر رائے شماری کے دوران روس اور چین کے علاوہ 15 رکنی سلامتی کونسل کے رکن وینزویلا نے بھی قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔
افریقی ملک انگولا نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد مصر، سپین اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ طور پر پیش کی تھی جس میں حلب میں 7 روز کے لیے جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی تھی۔قرارداد میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ جنگ بندی کے دوران حلب میں تمام فریقین پر فضائی حملوں اور گولہ باری سمیت ہر طرح کے ہتھیاروںکے استعمال پر پابندی ہوگی۔
قرارداد میں تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ جنگ بندی کے عرصے کے دوران حلب میں پھنسے عام شہریوں تک امدادی سامان کی فوری اور مکمل رسائی کے لیے اقوامِ متحدہ اور اس کے معاون عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔