مصری اسکولوں میں حجامت اور میک اپ سکھایاجائیگا

مصری اسکولوں میں حجامت اور میک اپ سکھایاجائیگا

قاہرہ :مصر کی وزارت تعلیم نے حجامت اور میک اپ کو فنی تعلیم کا حصہ بنانے کے لیے ان دونوں پیشوں کی تعلیم کو سرکاری اسکولوں کے نصاب میں شامل کرنے پر غور شروع کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر احمد الجیوشی نے بتایا کہ وزارت تعلیم کے اجلاس کے دوران وزیرتعلیم ڈاکٹر الھلالی الشربینی نے نہ صرف اس تجویز سے اتفاق کیا بلکہ میک اپ اور حجامت کی تعلیم کو باقاعدہ میٹرک تک کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔

ڈاکٹر الجیوشی کا کہنا تھا کہ حجامت اور میک اپ کی تعلیم سے فنی تعلیم کی ایک نئی صنف کا آغاز ہوگا نوجوانوں کو مستقبل میں روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ اس سے قبل مصر میں فوڈ، گلہ بانی کے ساتھ ساتھ ڈیری کے شعبے کی تعلیم بھی شامل کی گئی ہے۔واضح رہے کہ میٹرک تک کے تعلیمی نصاب میں میک اپ اور حجامت سے متعلق فنی تعلیم امریکا اور فن لینڈ سمیت کئی دوسرے ملکوں میں بھی رائج ہے۔